Real life

ماہ رمضان کا استقبال کیسے کریں؟

ماہ رمضان کا استقبال کیسے کریں؟

ماہ رمضان کا استقبال کیسے کریں؟

الحمدللہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی أشرف الأنبیاء والمر سلین وبعد 

اللہ تعالیٰ نے اس ماہ مبارک کو بہت سے خصائص وفضائل کی وجہ سے دوسرے مہینوں کے مقابلے میں ایک ممتاز مقام عطا کیاہے جیسے:

 

• اس ماہ مبارک میں قرآن مجید کا نزول ہوا: ((شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنْزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ )) رمضان کا مہینہ ہی وہ ہے کہجس میں قرآن اتارا گیا۔

 

• اس کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں ایک رات ایسی ہوتی ہے جس میں اللہ کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے: ((لَيْلَةُ الْقَدْرِ خَيْرٌ مِنْ أَلْفِ شَهْرٍ)) شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔

 

 

• رمضان کی ہر رات کو اللہ تعالیٰ اپنےبندوں کو جہنم سے آزادی عطا فرماتا ہے۔اس میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کےدروازے بند کردیئے جاتے ہیں۔سرکش شیاطین کو جکڑ دیاجاتا ہے۔

 

 

• رمضان کی آخری رات میں روزے داروں کی مغفرت کردی جاتی ہے۔اگر انہوں نے صحیح معنوں میں روزے رکھ کر ان کےتقاضوں کو پورا کیا ہوگا۔روزے دار کے منہ کی بو اللہ کے ہاں کستوری کی خوشبو سے زیادہ پاکیزہ اور خوشگوار ہے۔

 

یہ اس مہینے کی چندخصوصیات اور فضائل ہیں۔اب ہمیں سوچنا ہے کہ ہم اس کا استقبال کیسے کریں؟کیا ویسے ہی جیسے ہر مہینے کا استقبال ہم اللہ کی نافرمانی اور غفلت سے کرتے ہیں؟یا اس انداز سے کہ ہم اس کی خصوصیات اور فضائل سے بہرہ ور ہوسکیں؟اور جنت میں داخلے کے اور جہنم سے آزادی کے مستحق ہوسکیں؟

 

اللہ کے نیک بندے ماہ رمضان کا استقبال بارگاہ الٰہی میں سچی توبہ کے ساتھ یہ عزم مصمم کرتے ہوئے کرتے ہیں کہ اللہ نے انہیں یہ مبارک مہینہ ایک مرتبہ پھر نوازا ہے تو ہم اس کو غنیمت سمجھتے ہوئے اس کی فضیلتیں اور برکتیں حاصل کریں گے، اور ا پنے اوقات کو اللہ کی عبادت کرنے ،اعمال صالحہ بجا لانے اور زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے میں صرف کریں گے۔

 

 

علامہ ابن باز رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ: “میں رمضان کے استقبال کے لیے اس کے علاوہ کوئی خاص بات نہیں جانتا کہ مسلمان اس کا استقبال خوشی، مسرت اور جوش کے ساتھ کرے۔ اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے کہ اس نے اسے رمضان تک پہنچایا، اور اسےتوفیق دی کہ اسے ان زندہ لوگوں میں سے بنا یا جو نیک اعمال میں ایک دوسرے سے تنافس کرتے ہیں، جیسا کہ ایک مسلمان کے لیے یہ بھی مشروع ہے کہ وہ اس بابرکت مہینے کا استقبال سچی توبہ سے کرے، اور نیک نیتی وسچے ارادے کے ساتھ اس میں روزہ رکھنے اور قیام کرنے کی تیاری کرے۔ مجموع فتاوى ومقالات الشيخ ابن باز (15/9)

 

 

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو رمضان المبارک کا مہینہ ضرور نصیب فرمائے اس حال میں کہ ہم صحیح وسالم ہوں اور ایمان پر قائم ودائم ہوں۔ اور اس ماہ میں ہمیں صیام وقیام کے ساتھ ہر نیک عمل کی توفیق عطا فرمائے۔آمین!